داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کا ’سندھ کنسورشیم آف یونیورسٹیز‘ میں شامل

May 19, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا انکیوبیشن سینیٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی مالی معاونت کے تحت تشکیل دیئے گئے ’سندھ کنسورشیم آف یونیورسٹیزفار بزنس انکیوبیشن سینیٹرز ‘ میں شامل ہوگیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ نئے انکیوبیشن سینٹر کا قیام کے ذریعے داؤد یونیورسٹی کے طلباء معاشرتی اور صنعتی مسائل کے حل اور نئے روزگار پیدا کرنے کے حوالے سے اپنا اہم کردار ادا کرسکیں گے ، داؤد یونیورسٹی اپنے وژن کے تحت اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔ کنسورشیم کی سافٹ لانچنگ تقریب گزشتہ روز انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ ( آئی او بی ایم) میں منعقد ہوئی ۔ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سرابراہی میں بننے والے اس کنسورشیم میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی بھی شامل ہے۔ کنسورشیم کے رکن تعلیمی ادارے اپنے بزنس انکیوبیشن سینٹرز کے ذریعے منتخب اسٹارٹ اپس کو ٹریننگ ، معاونت اور صنعتی اداروں کے ساتھ روابط قائم میں مدد کریں گے اور اسٹارٹ اپس 31؍ مئی سے پہلے درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی ابتدائی طور پر 8اسٹارٹ اپس کو منتخب کرکے انہیں بزنس انکیوبیشن سینٹرز میںسہولتیں اور معاونت فراہم کرے گی۔