ہائیکورٹ میں بجلی کا تعطل، کوئی نیا کیس دائر نہ ہوسکا، سائلین پریشان

May 19, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے بجلی کے نظام میں معمولی دھماکے کے بعد بجلی معطل رہی جس کی وجہ سے عدالتی امور ٹھپ ہوگئے۔ عدالتیں اور ہائی کورٹ دفاتر اندھیرے میں ڈوب گئے۔ انتظامیہ کے مطابق بجلی نظام میں صبح 8 بجے کے قریب خرابی ہوئی۔ تیکنیکی خرابی کے باعث خود کار نظام بھی بیٹھ گیا جبکہ جنریٹر سسٹم بھی نہیں چل سکا اندھیرے میں عدالتی کارروائی چلانا مشکل ہوگیا۔ بیشتر ججز اپنے چیمبرز میں کیسز کی سماعت کر تے رہے۔ سسٹم بند ہونے سے کوئی نیا کیس دائر نہ ہوسکا۔ سائلین اور وکلا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بجلی کی بندش سے شناختی برانچ میں بھی امور ٹھپ ہوگئے، شناختی برانچ کے باہر سائلین، وکلا کا رش لگا رہا۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کی بجلی فراہمی سب اسٹیشن میں فالٹ کے باعث متاثر ہوئی۔ علاقائی ٹیموںنے فالٹ کی درستگی کیلئے کام کیا۔