موجودہ اور ماضی کی حکومتوں نے K-4 منصوبے کو دانستہ مکمل نہیں کیا، حافظ نعیم

May 19, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں منعقدہ اجلاس میں جماعت اسلامی کے تحت 20مئی جمعہ کی شام 5بجے واٹر بورڈ ہیڈ آفس شاہراہ فیصل پر ہونے والے دھرنے کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دھرنے کو کامیاب بنانے اور عوام کی بڑے پیمانے پر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے اور اقدامات کیے گئے، امراء اضلاع، ذمہ داران اور کارکنوں کو ہدایات دی گئیں کہ دھرنے کی تیاریوں اور انتظامات کو فی الفور حتمی شکل دے دیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ K-4منصوبہ اگر اپنے وقت پر مکمل ہو جاتا تو آج شہر میں پانی کی موجودہ قلت اور بحرانی کیفیت نہ ہوتی۔ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں نے K-4منصوبے کو جان بوجھ کر مکمل نہیں ہونے دیا جو کراچی کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے اور اس ظلم میں نواز لیگ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم برابر کی شریک ہیں۔