بھارت، راجیو گاندھی کے قتل کا مجرم 30 سال بعد رہا

May 19, 2022

نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارتی سپریم کورٹ نے 1991میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل میں ملوث ایک مجرم کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔اے جی پیراری ویلن نامی مجرم 30سال سے قید میں تھے اور انھیں الزام ثابت ہونے پر 1998 میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔اے جی پیراری ویلن کو 19سال کی عمر میں گرفتار کیا گیا تھا اور اُن پر الزام تھا کہ انھوں نے راجیو گاندھی کے قتل میں استعمال ہونے والی بیٹریاں خریدی تھیں۔راجیو گاندھی قتل کیس میں پہلے 26ملزمان کو سزائے موت سُنائی گئی تھی لیکن بعد میں سپریم کورٹ نے صرف چار لوگوں کی سزائے موت کی تصدیق کی تھی۔ تین کو عمر قید کی سزا دی گئی جبکہ باقی 19و بری کر دیا گیا تھا۔