وی سی اردو یونیورسٹی نوٹیفکیشن کے اجرا کے 3ماہ بعد عہدہ سنبھالیں گے

May 19, 2022

کراچی(سید محمد عسکری ) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون سائنس و ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر اطہر عطاء اپنے نوٹیفکیشن کے اجراء کے تین ماہ بعد25 مئی سے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ انہوں نے اس حوالے تازہ ترین ای میل میں 25 مئی سے چارج سنبھالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اس سے قبل وہ وزارت تعلیم سے کئی دفعہ چارج سنبھالنے کی مہلت مانگ چکے ہیں۔ اپنی پہلی ای میل میں انہوں نے چار ماہ قبل کہا تھا کہ وہ بیرون ملک پڑھانے میں مصروف ہیں انہیں سبکدوش ہونے میں وقت لگے گا لہذا انہیں وقت دیا جائے۔ اس حوالے سے انہوں نے ڈپٹی سیکرٹری تعلیم محمد علی کو باقاعدہ ای میلز بھی کی تھیں جس میں کہا تھا کہ وہ وائس چانسلر کی پیشکش قبول کرتے ہیں اور وقت چاہتے ہیں۔ تلاش کمیٹی نے انہیں دوسرا نمبر دیا تھا جبکہ پہلے نمبر پر آنیوالے امیدوار ڈاکٹر شاہد قریشی نے ذمہ داری سنبھالنے سی معذرت کرلی تھی تاہم بعد میں انکشاف ہوا تھا کہ پہلے نمبر پر آنیوالے ڈاکٹر شاہد قریشی اور تیسرے نمبر پر آنیوالے امیدوار ڈاکٹر ظفر اللّہ قریشی کے تحقیقی پرچوں کی تعداد15 سے کم تھی جو ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پروفیسر اور وائس چانسلر کی اہلیت کیلئے لازمی قرار دے رکھے ہیں۔ اس طرح عملی طور پر تلاش کمیٹی نے تین کی بجائے صرف ایک اہل امیدوار پروفیسر اطہر عطاء کا انتخاب کیا۔ پروفیسر اطہر عطاء جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل ہیں، اُنہوں نے کیمیاء میں ڈاکٹر اقبال چوہدری کی زیر نگرانی پی ایچ ڈی کی اور اس وقت کینیڈا کی ونی پیگ یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں وہ کینیڈین شہری بھی ہیں۔ صدر مملکت نے ان کی تنخواہ میں5 لاکھ روپے خصوصی اضافے کی منظوری دی تھی کیونکہ وہ کم تنخواہ پر آنے کو تیار نہیں تھے اب ان کی تنخواہ12 لاکھ روپے ماہانہ ہوجائے گی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اردو یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر زاہد نے تلاش کمیٹی ان کے منتخب کردہ امیدواروں کی اہلیت کوعدالت عالیہ سندھ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ وزارت تعلیم کے ذرائع کے مطابق یہ آخری موقع ہے جس کے بعد اگر انہوں نے مقررہ تاریخ کو چارج نہیں سنبھالا تو پھر وائس چانسلر کے اشتہار کی سمری بھیج دی جائے گی اور ان کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا جائے گا۔