رواں مالی سال ملکی اقتصادی شرح نمو 5.97فیصد متوقع ہے، قومی اکاؤنٹس کمیٹی

May 19, 2022

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ، کامرس رپورٹر ) رواں مالی سال ملکی اقتصادی شرح نمو( جی ڈی پی ) 5.97فیصد ، زراعت کے شعبے کی شرح نمو 4.40فیصد، صنعتی شعبے کی شرح نمو 7.19فیصد اور خدمات کے شعبے کی شرح نمو 6.19فیصد رہنے کی توقع ہے، رواں مالی سال فی کس آمدن تین لاکھ14ہزار353روپے،ملک کی معیشت کا مجموعی حجم 383ارب ڈالر ہے،گزشتہ مالی سال زراعت کی شرح نمو 3.48فیصد ، صنعتی شعبے 7.81فیصد اور خدمات کےشعبے کی شرح نمو 6فیصد تھی ، رواں مالی سال فی کس آمدن تین لاکھ14ہزار353روپے جو گزشتہ برس 2لاکھ68ہزار223روپے تھی ، ڈالر میں فی کس آمدن 1676ڈالر سے بڑھ کر 1798ڈالر ہو گئی ہے، ملک کی معیشت کا مجموعی حجم 383ارب ڈالر ہے ، گزشتہ سیکرٹری پلاننگ کی زیر صدارت قومی اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں رواں مالی سال کے مئی تک کے اعدادوشمار کو پیش کیا گیا اور ان کی بنیادپر اقتصادی شرح نمو کے تخمینوں کا جائزہ لیا گیا، اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال فصلوں کی شرح نمو گزشتہ برس کے5.96فیصد کے مقابلے میں رواں برس 6.58فیصد رہی ، اہم فصلوں کی پیداوار 5.83 فیصد سےبڑھ کر 7.24فیصد اور دیگر فصلوں کی شرح نمو 8.27فیصد کے مقابلے میں کم ہو کر 5.44فیصد رہی ، کاٹن جنینگ کی شرح نمو 9.19فیصد، مویشیوں کی شرح نمو 3.26فیصد ، جنگلات 6.13فیصد اور ماہی گیری کی 0.35فیصد رہی ، صنعتی شعبے میں مائننگ کی شرح نمو 4.47فیصد، مینوفیکچرنگ 9.80فیصدرہنے کی توقع ہے، لارج سکیل مینوفیکچرنگ کی شرح نمو 10.48فیصد ، سمال سکیل 8.90فیصد ، بجلی ، گیس اور پانی کی سپلائی میں شرح 7.86فیصد رہی ، تعمیراتی شعبے کی شرح نمو 2.48فیصد سے بڑھ کر 3.14فیصد ہوئی ، اشیاء کی پیداوار میں مجموعی شرح نمو 5.39فیصد سے بڑھ کر 5.66فیصد ہو گئ ہے۔