کم عمری میں شادی، مبینہ اغوا کیس، دعا زہرا کو پیش کرنے کا ٹاسک آئی جی سندھ کے حوالے

May 20, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں بینچ نے کم عمری میں شادی اور مبینہ اغوا کے مقدمے میں آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو پیش کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے سماعت 24مئی کے لیے ملتوی کردی، مبینہ اغوا سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر عدالت سخت برہم ہوگئی، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی، بچی ویڈیو بنا رہی ہے، پریس کانفرنس کر رہی ہے مگر پولیس کو نہیں مل رہی، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بچی کہاں ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مذکورہ پتے پر بچی نہیں ملی، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ اس کا مطلب ہے کچھ نہ کچھ تو گڑ بڑ ہے، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایس ایس پی ہیومین ٹریفیکنگ کانفرنس میں اسلام آباد گئے ہیں، دعا زہرا کی گرفتاری نہیں ہوئی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گرفتاری نہیں ہم نے بچی کو صرف بلایا ہے، ایس ایس پی کانفرنس اٹینڈ کر رہا ہے، عدالت کا حکم اہم نہیں؟ عدالت نے ایس ایچ او الفلاح سے مکالمے میں کہا کہ انسانی اسمگلنگ رک نہیں رہی اور کانفرنس ہو رہی ہیں، تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمیں وقت دے دیا جائے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پولیس صرف پریس کانفرنس اور دعوے کر رہی ہے، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ آئی جی صاحب ہمیں بچی چاہیے یہ آپس میں گیم کھیل رہے ہیں، عدالت نے ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت کے نوٹس جاری اور آئندہ سماعت کو دعا زہرا کو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔