بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی، ایم کیو ایم پاکستان

May 20, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پرگہری تشویش کا اظہار کیا ہے رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موسم گرما میں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ اراکین رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ امتحانات کے دوران بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عمل جاری ہے جس کے باعث طلبہ اور طالبات کو شیدیدمشکلات کا سامنا ہے،ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان اور نیپرا سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک سمیت سندھ بھر میں جتنی بھی کمپنیاں بجلی فراہم کر رہی ہیں ان کی من مانیوں کا نوٹس لیں اور عوام کولوڈ شیڈنگ کے ظلم سے نجات دلائی جائے، علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی میں ٹینکروں کے ذریعے مضر صحت پانی کی فروخت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں مضر صحت پانی کی فروخت کرنے والی مافیا کیخلاف سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔