فائرنگ اور چھری کے وار سے ایک شخص جاں بحق، پولیس اہلکار سمیت 3 زخمی

May 20, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں فائرنگ اور چھری کے وار سے ایک شخص جاں بحق پولیس اہلکار سمیت 3 زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود نور محمد خان گوٹھ میں فائرنگ کے واقعہ میں 44سالہ اکبر مگسی جاں بحق ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق بلوچستان کے علاقے جھل مگسی سے رشتے داروں سے زمین کا تنازع چل رہا تھا ، شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود مریم ٹائون سے ایک شخص کی گولی لگی لاش ملی عمر 40 سے45 برس ہے ، لاش سردخانے منتقل کردی گئی، گلشن معمار کے علاقے افغان کیمپ میں جھگڑے کے دوران چھری کےوار سے 28 سالہ محمد محمود زخمی ہوگیا ۔دریں اثناء گارڈن کے علاقے بھیم پورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار 45سالہ اشرف ولد شیر محمد زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق زخمی کورٹ پولیس میں تعینات ہے ،اشرف کو کندھے پر گولی لگی ہے ،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی نوعیت کا معلوم ہوتا ہے۔