نوجوت سنگھ سدھو کو 34 سال پرانے مقدمے میں ایک سال قید

May 20, 2022

نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارتی سپریم کورٹ نے سابق کرکٹر اور کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو 1988 میں پیش آنے والے کار حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت پر ایک سال قید کی سزا سنا دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کو پہلے دی گئی سزا پر نظرثانی کی درخواست کی سماعت بھارتی عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ جسٹس اے ایم کھانولکر اور ایس کے کول نے کی۔


نوجوت سنگھ سدھو پر 1988میں روڈ حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔کانگریس کے بھارتی پنجاب کے سابق صدر نوجوت سنگھ سدھو کو پہلے اس مقدمے میں ایک ہزار روپے کے جرمانے کے ساتھ بری کردیا گیا تھا، تاہم حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کے لواحقین نے عدالت عظمیٰ میں نظر ثانی کی درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے نوجوت سنگھ سدھو کی سزا بڑھاتے ہوئے انہیں ایک سال قید کی سزا سنائی۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ’ہم محسوس کرتے ہیں کہ ریکارڈ میں بظاہر غلطی سامنے آئی ہے، لہٰذا ہم نے سزا کے معاملے پر نظرثانی کی درخواست کی اجازت دی جبکہ عائد جرمانے کے علاوہ ہم ایک سال کی مدت کیلئےقید کی سزا دینا مناسب سمجھتے ہیں،58 سالہ نوجوت سنگھ سدھو کو ایک سال قید بامشقت کے لیے خود کو عدالت کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔کانگریس رہنما نے فیصلے پر ٹوئٹ میں کہا کہ ’وہ عدالت کے فیصلے کی تابعداری کریں گے۔