پی ٹی آئی کے مخالفین کو آج اپنی سیاسی بقا کا سامنا ہے، ہمایوں اختر خان

May 20, 2022

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ سازش کے ذریعے حکومت ختم کئے جانے کے بعد تحریک انصاف ایک غیر معمولی طاقت بن کر ابھری ہے اور ہمارے مخالفین کو آج اپنی سیاسی بقاء کا سامنا ہے ، عام انتخابات میں بہت سی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی اورپی ٹی آئی دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی ۔ان خیالات کا اظہارانہو ں نے آزادی مارچ کی آگاہی مہم کے سلسلہ میں این اے131میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان سے تاجر رہنمائوں نے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں عوام آئندہ عام انتخابات کے جلد انعقاد کی تاریخ لینے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے ۔ جو یہ دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے کہ وہ بڑے تجربہ کار ہیں،انہیں حکومت میں آنے کے بعد سمجھ نہیں آرہی اب وہ کیا کریں ،اب لندن بھاگے جارہے ہیں لیکن وہاں بھی سے ہاتھ کھڑے کر دئیے گئے ہیں، حکومتی اتحاد میں پہلے دن سے نا اتفاقی ہے اور سازش کے ذریعے آنے والی حکومت کا جہاز رن وے پر ہی کھڑا رہ گیا ٹیک آف نہیں کر سکا ۔