کن 38 پرتعیش درآمدی اشیا پر پابندی لگی؟ فہرست جاری

May 20, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی کابینہ نے غیرضروری اور پرتعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی لگانے کی منظوری دیدی-

وفاقی کابینہ سے وزارت تجارت کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی- اس حوالے سے درآمد پر پابندی کا جلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے جن اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کی ہے ان میں موبائل فونز، ہوم اپلائنسز، گاڑیاں، سگریٹس اور چاکلیٹس سمیت38 اشیا شامل ہیں۔


وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق جن اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں موبائل فونز، ہوم اپلائنسز، فروٹس اور ڈرائی فروٹس (ماسوائے افغانستان)، کراکری، نجی اسلحہ و ایمونیشن، جوتے، فانوس اور لائٹنگ (ماسوائے انرجی سیورز)، ہیڈ فونز اور لائوڈ اسپیکرز، ساسز اور کیچپ وغیرہ، دروازوں اور کھڑکیوں کے فریم، سفری بیگز اور سوٹ کیسز، سینٹری ویئر، مچھلی اور فروزن فش، کارپٹس(ماسوائے افغانستان)، پریزروڈ فروٹس، ٹشو پیپر، فرنیچر، شیمپو، آٹو موبائلز، کنفیکشنری، پرتعیش میٹرس اور سلیپنگ بیگز، جام اور جیلی، کارن فلیکس، باتھ روم ویئرز/ٹوائلٹریز، ہیٹرز/بلورز، سن گلاسز، کچن ویئر، ایریٹڈ واٹر، فروزن گوشت، جوسز، پاستہ وغیرہ، آئسکریم، سگریٹس، شیونگ کا سامان، چمڑے کے پرتعیش ملبوسات، میوزیکل آلات، سیلون آئٹمز جیسے ہیئر ڈرائرز وغیرہ اور چاکلیٹس شامل ہیں۔