270 درآمدی اشیاء کی ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کی تجویز

May 20, 2022

اسلام آباد( کامرس رپورٹر) وفاقی حکومت نے 500سے زائداشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی اور 270درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کیا جارہا ہے، ان اشیاء کی درآمد سے ماہانہ 41کروڑ60لاکھ ڈالر خرچ آرہا تھا اور درآمد ات سے ماہانہ ریونیو میں 35ارب روپے کا نقصان ہورہا تھا ، جن اشیاء پر پابندی لگائی گئی ہےان میں سے کنزیومر پرائس انڈیکس میں 16اشیاء شامل تھیں جبکہ جن اشیاء پر ریگولیٹری میں اضافہ کیا جارہا ہے ان میں 850سی سی سے کم کی درآمدی گاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی صفر سے بڑھا کر 20فیصد ، 850سی سی سے ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر 50فیصد سے بڑھا کر 80فیصد ، ایک ہزار سی سی سے 1500سی سی تک کی گاڑیوںپر 50فیصد سے بڑھا کر90فیصد ، 1500سی سی سے 1800سی سی پر 50فیصد سے بڑھا کر 100فیصد اور 1800سی سی سے اوپر کی گاڑیوں پر 90فیصد سے بڑھا کر ریگولیٹری ڈیوٹی 100فیصد کر نے کے ساتھ 35فیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی عائد کی جائے گی ، الیکٹرک گاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی صفر سے بڑھا کر 15سے 25فیصد کی جارہی ہے ، ان میں 50کلوواٹ ہاور تک کی گاڑیوں پر 15فیصد اور 50کلوواٹ ہاور سے اوپر کی گاڑیوں پر 25فیصد کی جائے گی ، گاڑیوں کے پارٹس ( ٹائر کے علاوہ) صفر سے بڑھا کر 15اور 30فیصد کی جائے گی ، موبائل فون کے پارٹس ( سی کے ڈی ) پر 5فیصد سے بڑھا کر 20فیصد اور مکمل تیار موبائل سیٹ پر 300روپےاور 22ہزار روپے تک کی ریگولیٹری ڈیوٹی کو بڑھا کر 600روپے سے 60ہزارروپے کی جائے گی ، درآمدی ٹائلز پر ریگولیٹری ڈیوٹی 20فیصدسے بڑھا کر 40فیصد ، ٹائر پر صفر سے بڑھا کر 10فیصد ، 20سے بڑھا کر 40فیصد، مشینری اور گھریلو اشیاء پر5فیصد سےبڑھا کر 25فیصد اور 25فیصد والی بڑھا کر 50فیصد کرنے کی تجویز ہے، جنرل پاور سیٹ پر ریگولیٹری ڈیو ٹی 0سے 10فیصد کو بڑھا کر 30فیصد ، پولی پروپولین اور پولی مرز پر صفر سے بڑھا کر 5فیصد ،سٹیل ( سکریپ ) ویسلزپر 5فیصد سے بڑھا کر 10فیصد ، الماریاں ، بورڈ ، کنڈکٹراور دیگر اضافی کیپٹل گڈز پر 10فیصد سے بڑھا کر 20فیصد ، کاغذ اور کاغذبورڈ پر صفر سے بڑھا کر 5فیصد اور 5فیصد والی بڑھا کر 15فیصد کر دی جائے گی ، فلیورڈ اور کنسنٹریٹس پر صفر فیصد سے بڑھا کر 10فیصد، 20فیصد سے بڑھا کر 40فیصد کی جائے گی ، ان درآمد ی اشیاء کی درآمد سے 98کروڑ40لاکھ ڈالر خرچ آتے ہیں ۔وزارت تجارت نےپرتعیش اشیاء کی درآمد کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہےجس کے تحت امپورٹ پالیسی آرڈر 2002میں مزید ترمیم کرتے ہوئے 500سے زائد اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔