وزیراعظم سے ای او بی آئی پنشن بھی کم سے کم تنخواہ کے برابر کرنے کا مطالبہ

May 20, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشنز کے ضعیف العمر پنشنرز نے وزیراعظم شہباز شریف سے ای او بی آئی پنشن کو بھی کم سے کم تنخواہ کے مساوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی مہنگائی میں ساڑھے آٹھ ہزار روپے میں گزر بسر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1976ء میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ ایکٹ نافذ ہوا جس کا مقصد صنعتی ورکرز کو بڑھاپے میں سہولیات کی فراہمی تھا۔ ان کارکنان کے جمع فنڈز سے درجہ چہارم سے گریڈ 22تک کے سرکاری ملازمین تنخواہیں اور مراعات لے رہے ہیں اور جن صنعتی کارکنان کی ماہانہ کنٹری بیوشن سے یہ فنڈ قائم ہوا انہیں صرف ساڑھے آٹھ ہزار روپے ملتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ ای او بی آئی پنشن کو کم سے کم ماہانہ اُجرت کے ساتھ لنک کیاجائے۔