اڈیالہ جیل کے اسیروں کے پی پی اکاؤنٹس کو کمپیوٹرائزڈکردیاگیا

May 20, 2022

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) سنٹرل جیل اڈیالہ کے اسیروں کے پی پی اکاؤنٹس کو کمپوٹرائزڈکردیاگیا۔ جیل قوانین کے مطابق کوئی اسیرجیل میں کیش نہیں رکھ سکتا ،کیش رکھنے کے لئے جیلوں میں پریزنزپرسنل اکاؤنٹ کاسسٹم رائج ہے جوجیل ملازمین کے رحم وکرم پرہوتے ہیں جن میں قیدیوں کے عزیزواقارب رقم جمع کراتے ہیں اورجہاں سے قیدی حسب ضرورت رقم کی ادائیگی کرکے جیل کنٹین سے اشیائے ضروریہ منگواسکتے ہیں۔ ان اکاؤنٹس میں مبینہ طور پربے قاعدگیوں کی شکایات آتی رہی ہیں ، ان اکاؤنٹس کوقبل ازیں مینول طریقے سے مرتب کیاجاتاتھا جس سے رقوم میں ہیرپھیرکی بہت زیادہ شکایات آتی تھیں ، اسیروں سے ملاقات کے لئے آنے والے ان کے عزیزواقارب قبل ازیں جیل عملے کے ذریعے رقوم جمع کراتے تھے جس میں ہیرپھیرکی متعددشکایات کومدنظررکھتے ہوئے سنٹرل جیل اڈیالہ کے سپرنٹیندنٹ اسدجاویدوڑائچ نے ملاقاتی شیڈمیں دوکمپیوٹررکھواکراس نظام کو شفاف بنانے کے لئے کمپیوٹرائزڈکردیا ہے ۔ اب ہراسیرکے لئے جمع کرائی رقم کافوری طورپر ملاقاتی شیڈمیں ہی براہ راست کمپیوٹرمیں اندراج کیاجاتاہے جس سے ہرقیدی کے پی پی اکاؤنٹ میں جمع کی گئی رقم محفوظ ہوجاتی ہے اور ادائیگی کے دوران بھی حساب کتاب کمپیوٹرکے ذریعے ہی کیاجارہاہے ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت دینے کے لئے لاہورمیں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاگیا جس کی کامیابی کی صورت میں اسے صوبہ کی تمام جیلوں میں اپنایاجائے گا۔