بیماریوں کیخلاف جنگ میں نر سوں کی لگن قابل تحسین‘ میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام

May 20, 2022

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے ایف ٹین کے انٹرنیشنل ہسپتال میں نرسوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پرحمیرا وحید ، ڈاکٹر ایمان علی ایریا کوآرڈینیٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور ڈبلیو ایچ او کی ڈاکٹر آمنہ امجد،پاکستان نرسنگ کونسل، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور نرسنگ کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ ہم تمام نرسوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ بیماریوں کے خلاف جنگ میں ان کی غیر متزلزل لگن سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسکرانا نرسوں کے خیال رکھنے والے رویے کا ایک انتہائی اہم جز ہےجو ایسا لگتا ہے کہ ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے نرسوں پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کریں۔ڈپٹی کمشنر نے ان لوگوں کی کوششوں اور قربانیوں کو تسلیم کیا جو مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے انتھک محنت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”نرسوں کی وجہ سے ہم ایک صحت مند دنیا میں رہتے ہیں، نرسیں حقیقی ہیرو ہیں، وہ ہمارے ہیلتھ کیئر سسٹم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ہسپتال کے سی ای او ہارون نصیر نے کہا کہ کورونا نےعالمی سطح پر نرسنگ کی کمی کے مسئلہ کو اجاگر کیا ہے۔پاکستان میں وبائی مرض سے پہلے ہی 1.3 ملین نرسوں کی کمی تھی۔نرسز کے عالمی دن پروہ حکومت سے مطالبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ نجی شعبے کے ساتھ مل کر نرسنگ کے پیشے کومقبول بنانے میں مدد کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔ اس کے لیے مناسب آلات، بہتر کام کے حالات، مناسب تعلیم، اعلیٰ مہارت اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ہسپتال میں نرسنگ کی چیف زہرہ حبیب نےکہا کہ ہسپتال کے بعد دوسرے منصوبے کے طور پر سکول آف نرسنگ شروع کرنے کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے جس سے نرسنگ کے فارغ التحصیل افراد کے معیار تعلیم میں اضافہ ہو گا اور وہ تمام ہسپتالوں کے لیے اثاثہ ہوں گے۔ ہسپتال کے چئیرمین چودھری نصیرنے نرسز ڈے میں شرکت پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔