حکومت معیشت کی بحالی کے لیے تیار ہے، رانا ثنا

May 21, 2022

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت آئینی مدت پوری کرنے اور معیشت کی بحالی کے لیے تیار ہے، لیکن اگر ہمارے ہاتھ پیر باندھے جائیں گے تو ذمے داری انہی پر عائد ہوگی جنہوں نے اس بدبخت ٹولے کو قوم پر مسلط کیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بات کررہے ہیں، اگر آئی ایم ایف ہمارا قرضہ ڈبل کردے اور دوست ملک ساتھ دیں تو صورت حال سنبھل سکتی ہے۔ چوبیس، پچیس مئی کو آئی ایم ایف سے مذاکرات ہورہے ہیں، ان سے معلوم ہوجائے گا کہ ملکی معیشت بحال ہوگی یا نہیں۔

رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے بات چیت کے ماحول میں اگر ہمارے لیے پریشانیاں پیدا کی جارہی ہیں تو وہ لوگ فیصلہ کرلیں جنہیں پوسٹنگ ٹرانسفر میں پڑنے کا شوق ہے۔

اس سے قبل ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے دوران مریم نواز سے متعلق ریمارکس پر شدید ردعمل بھی دیا۔

رانا ثناء نے کہا کہ قوم کی بیٹی مریم نواز پر جملے بازی کرکے عمران خان پوری قوم کی خواتین کی توہین کررہے ہیں۔ عمران نے زبان کو لگام نہ دی تو گندگی پھیلانے والی زبان کھینچنا آتی ہے۔