کم عمر بچیاں پنجاب جاکر گم، پولیس کچھ نہیں کررہی، ہائیکورٹ، نمرہ کاظمی کو پیش کرنے کا حکم

May 21, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے نمرہ کاظمی کو 25 مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں بینچ کے روبرو کراچی سے لاپتہ نمرہ کاظمی کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، حکم کے باوجود نمرہ کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے سندھ پولیس پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ کراچی میں کیا ہورہا ہے؟ بچیاں کیوں اغوا ہورہی ہیں، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ پولیس کیوں کچھ نہیں کر رہی، 18 سال کی کم عمر بچیاں جارہی ہیں اور پنجاب میں گم ہورہی ہیں، ہم نے حکم دیا تھا بچی کو ہر صورت میں پیش کیا جائے، اب تک نمرہ کاظمی کو بازیاب کرواکر کیوں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا؟ ڈی ایس پی سعود آباد نے بتایا کہ پولیس بچی کی والدہ کے ساتھ پنجاب میں موجود ہے، نمرہ کاظمی کی ڈیرا غازی خان کے علاقے تونسہ شریف میں موجودگی کی اطلاع ہے، محکمہ داخلہ پنجاب سے اجازت کے بعد چھاپا مارا جائے گا، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ جاکر بتائیں داخلہ پنجاب کو عدالت نے حکم دیا ہے، پولیس نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب سے آج چھاپا مارنے کی اجازت کا امکان ہے، عدالت نے نمرہ کاظمی کو 25 مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نمرہ کاظمی کو آئندہ سماعت پر ہر صورت میں پیش کیا جائے۔