پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی کو یقینی بنانے کیلئے کارروائی کا فیصلہ

May 21, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پولی تھین بیگز کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی یقینی بنانے کے لئے کمشنر کراچی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی مشترکہ کارروائی کریں گے، اس بات کا فیصلہ کراچی کی حدود میں پلاسٹک شاپرز / پولی تھین بیگز کی تیاری، خرید فروخت اور استعمال کے سبب شہر کے انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کے سدباب کے لئے کیا گیا ہے،اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر کراچی ، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن اور سند ھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی زبیر چنہ نے بھرپور مشاورت کے بعد پولی تھین بیگز پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا اور ان اداروں نے یہ اقدام اس حقیقت کے پیش نظر کیا ہے کہ شہروں میں پولی تھین بیگز کا استعمال اس قدر بڑھ گیا ہے اور استعمال شدہ پلاسٹک کی تھیلیاں پھینک دینے سے نہ صرف شہر میں کوڑا کرکٹ میں اضافہ کا سبب بنتا ہے اور پلاسٹک کی تھیلیوں / پولی تھین بیگز کو جلانے سے زہریلی گیس فضاءمیں شامل ہو کر انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب کرتی ہے ، سیوریج لائنیں چوک ہونے کی وجہ سے نکاسی آب کے گلی کوچوں اور سڑکوں پر جمع ہونے سے مکینوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔