ٹرائل کورٹ بلڈر کی ضمانت کیخلاف درخواست کی سماعت روزانہ کرے، سپریم کورٹ

May 21, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے چھ منزلہ عمارت کی تعمیر میں بلڈر کی ضمانت کے خلاف درخواست پر ٹرائل کورٹ کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا حکم دیدیا، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو کراچی کے علاقے گلبہار میں چھہ منزلہ عمارت منہدم ہونے سے متعلق بلڈر جاوید علی خان کی ضمانت کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو عمارت منہدم کیس کی روانہ سماعت کا حکم دے دیا، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ بلڈر نے 72 گز پر چھہ منزلہ غیرقانونی عمارت تعمیر کی تھی، بلڈنگ 5مئی 2020کو منہدم ہوگئی، 27 افراد جاں بحق ہوئے، ہائی کورٹ کی منظور کی گئی ضمانت منسوخ کی جائے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مقدمہ دفعہ 322 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے سزا تو صرف دیت کی ہے، آپ اپنا موقف ٹرائل کورٹ کو بتایئے گا سزا کا تعین وہی کرسکتی ہے۔