عمران سیاسی میدان میں ہارنے کے بعد کم ظرفی پر اتر آئے، مریم اورنگزیب

May 21, 2022

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز سے سیاسی میدان میں ہارنے والے کا کم ظرفی پر اتر آنا اعتراف شکست ہے۔

مریم اورنگزیب نے (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہارنے والے کا کم ظرفی اور دشنام طرازی پر اتر آنا اعتراف شکست ہے۔ چوراہوں پر جملے کستے کردار آئینی منصب پر بیٹھے، یہ معاشرے کا زوال ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو اس شر سے بچانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ یہ وہی ہے جو خاتون صحافیوں کو لفافے کہہ کر خاموش کرانا چاہتا ہے۔ خواتین کے لباس کو جرم کی وجہ قرار دینے والا اپنی خرافات سے سیاسی مدمقابل خاتون کو ڈرانے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں، سول سوسائٹی اور خواتین نے بھی عمران خان کی تقریر پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم اتنے جذبے اور جنون سے میرا نام نہ لیا کرو کہیں تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے۔