شہباز تاثیر اور نیہا راجپوت نے بیٹے کا نام کیا رکھا؟

May 21, 2022

فائل فوٹو

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کی اہلیہ و ماڈل نیہا راجپوت نے ماں بننے کے بعد پہلی پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

نیہا راجپوت نے انسٹاگرام پر اپنے فوٹو شوٹ کی تصاویر شیئر کیں جوکہ اُنہوں نے دورانِ حمل کروایا تھا۔

ماڈل نے اپنی پوسٹ کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں اور شہباز ہمارے خاندان کے نئے رکن ’شاویز علی تاثیر‘ کو دنیا سے متعارف کروا کر بہت خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں۔‘

اُنہوں نے بیٹے کی پیدائش پر اللّہ تعالیٰ کا شُکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم اپنی خوشیوں کے لیے ہمیشہ اللّہ کے شُکر گزار ہیں اور اپنے چھوٹے کے ساتھ زندگی کے قیمتی لمحات سے لطف اندوز ہونے میں بہت مصروف ہیں۔‘

ماں بننے کے احساس کے بارے میں نیہا راجپوت نے لکھا کہ ’ماں بننے سے میری زندگی بدل گئی ہے اور میں ہر روز بہت شکر گزار محسوس کرتی ہوں۔‘

نیہا راجپوت نے لکھا کہ ’ان ننھے ہاتھوں کا میری انگلی پکڑنا، میرے لیے دُنیا کی سب سے خاص اور قیمتی خوشی لگ رہی ہے۔‘

ماڈل نے یہ بھی لکھا کہ ’بے خواب راتیں اور زبردست جذبات نے مجھے یہ سکھایا کہ کس طرح صبر کرنا ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے نیک تمناؤں کے لیے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ بہت جلد اپنے بیٹے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کریں گی۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ ماہشہباز تاثیر اور ماڈل نیہا راجپوت کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

تاہم اس جوڑے نے بیٹے کی پیدائش پر خاموشی اختیار کی ہوئی تھی اور اب پہلی بار ماڈل نے بیٹے کی پیدائش سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی ہے۔

خیال رہے کہ شہباز تاثیر نے گزشتہ برس دسمبر میں ماڈل نیہا راجپوت سے دوسری شادی کی تھی۔

اس سے قبل شہباز تاثیر اور ماہین غنی 2010 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جبکہ جوڑے کے ہاں جنوری 2017میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

دسمبر 2020 میں شہباز تاثیر کی سابقہ اہلیہ اور معروف فیشن ڈیزائنر ماہین غنی نے ماڈل نیہا پر الزام عائد کیا تھا کہ نیہا راجپوت ان کی ازدواجی زندگی کو خراب کر رہی ہیں۔