پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا گیا

May 21, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق زمین پر قبضے کے کیس میں اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے شیریں مزاری کو گرفتار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم انہیں گرفتار کرنے اسلام آباد پہنچی تھی۔

اسلام آباد پولیس نے بھیاینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے شیری مزاری کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

شیریں مزاری پر دائر کیے گئے کیسز کی تفصیلات

شیریں مزاری پر دائر کیے گئے کیسز کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔

شیریں مزاری کے خلاف ڈپٹی کمشنر راجن پور کی درخواست پر مقدمہ درج ہوا ۔

ایف آئی آر کے مطابق شیریں مزاری کے خلاف 11 مارچ 2022 کو شکایت نمبر 1272 درج کی گئی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق شیریں مزاری پر زمین پر ناجائز قبضے کا الزام ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابقاسٹنٹ کمشنر راجن پور کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی گئی، 8 اپریل کو اسسٹنت کمشنر نے اپنی رپورٹ تیار کی۔

متن میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اپنے رولز مجریہ 2014 کے تحت کرمنل مقدمہ درج کیا۔

تمام پی ٹی آئی کارکنان کو تھانہ کوہسار کے باہر پہنچنے کی ہدایت

پی ٹی آئی کے رہنما افتخار درانی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیریں مزاری کو کچھ دیر قبل ان کی رہائشگاہ کے باہر سے اٹھا لیا گیا ہے۔

انہوں نے تمام کارکنان کو تھانہ کوہسار کے باہر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

شیریں مزاری کی گرفتاری پر ملک گیر احتجاج کا اعلان

سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

پارٹی رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرکے بتایا کہ شیریں مزاری کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے پر پارٹی کے کارکنان پاکستان بھر میں آج شام احتجاج کریں گے۔

شیریں مزاری نڈر خاتون ہیں، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہشیریں مزاری بہادر اور نڈر خاتون ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ فاشسٹ حکومت ملک کو افرا تفری کی جانب لے جانا چاہتی ہے، سینئر رہ نما پی ٹی آئی کو ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔

شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوادی گئی، چیف جسٹس درخواست پر آج ہی سماعت کرنے کا فیصلہ کریں گے۔