کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر یوکرینی خاتون کی روس کیخلاف نعرے بازی

May 22, 2022

کانز(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرینی خاتون نے کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر نیم برہنہ حالت میں احتجاج کرتے ہوئے روس کے خلاف نعرے بازی کی۔فرانس میں جاری رنگارنگ کانز فلم فیسٹیول کے چوتھے روز ریڈ کارپٹ پر اس وقت چیخ و پکار سنی گئی جب ایک یوکرینی خاتون نیم برہنہ حالت میں جسم پر یوکرین کا جھنڈا پینٹ کروائے ایونٹ میں گھس آئیں۔ہالی ووڈ کے اداکاروں کی ریڈ کارپٹ پر واک کے دوران اچانک خاتون نے ریڈ کارپٹ کا رُخ کیا اور روس اور اس کے فوجیوں کے خلاف مختلف نعرے لگانے لگی، انہوں نے اپنے جسم پر یوکرین کے جھنڈے کے رنگ پینٹ کر رکھے تھے جبکہ ساتھ یہ بھی تحریر کیا گیا تھا کہ ’ہمارا ریپ بند کرو۔‘رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون روسی فوجیوں کی جانب سے یوکرینی خواتین کے مسلسل ریپ کے خلاف احتجاج کر رہی تھیں کیونکہ جب سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا ہے تب سے روسی فوجیوں پر یوکرینی خواتین کے ریپ کے الزامات ہیں۔ایونٹ کے حفاظتی فرائض پر معمور سیکیورٹی گارڈنے خاتون کو اپنے کوٹ سے ڈھانپ کر انہیں روکنے کی کوشش کی تاہم خاتون چیختی رہیں اور کانز یوکرینی خاتون کے نعروں سے گونج اُٹھا۔ جلد ہی سکیورٹی حرکت میں آ ئی اور خاتون کو پکڑ کر باہر نکال دیا گیا۔