کانز فلم فیسٹیول، فلم ’مجیب: دی میکنگ آف اے نیشن‘ کا ٹریلر لانچ

May 22, 2022

کانز(مانیٹرنگ ڈیسک)مشہور و معروف فلمساز شیام بنیگل کی فلم ’مجیب: دی میکنگ آف اے نیشن‘ کے ٹریلر نے 75ویں کانزفلم فیسٹیول میں سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالی۔ فلم بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمن پر مبنی ہے۔ فلم کے بارے میں ہدایتکار شیام بنیگل نے کہا کہ شیخ مجیب الرحمن ایک غیر معمولی شخص تھے۔بھارتی مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر اور بنگلہ دیش کے وزیر برائے اطلاعات و نشریات حسن محمود کی موجودگی میں کانز میں بھارتی پویلین میں 90 سیکنڈ کا یہ ٹریلر لانچ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیام بنیگل کانز فلم فیسٹیول میں شامل نہیں ہو سکے تھے، اس لیے بعد میں انھوں نے شکریہ ظاہر کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا۔ویڈیو پیغام میں شیام بنیگل نے کہا کہ ’’یہ ایک ہندوستان-بنگلہ دیش مشترکہ پروڈکشن ہے، جو حقیقت میں اپنی طرح کا پہلا پروجیکٹ ہے۔ یہ ایک بہت ہی اہم فلم ہے کیونکہ مجھے نجی طور سے لگتا ہے کہ مجھے ایشیا کے کچھ بہترین اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ شیخ مجیب الرحمن ایک غیر معمولی شخص تھے۔‘‘شیام بنیگل نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ’’وہ (شیخ مجیب الرحمن) ایک بہت ہی متوسط طبقہ سے تعلق رکھتے تھے اور ایک بہت ہی سادہ زندگی گزارتے تھے۔ لیکن ان کی ایک خواہش تھی جس نے انھیں بنگلہ دیش بنانے میں مدد کی۔ اس فلم پر کام کرنا بالکل حیران کن تھا۔‘‘ہدایت کار شیام بنیگل کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ انہوں نے ممو،سرداری بیگم، منتھن اور زبیدہ جیسی یادگار فلمیں فلمی انڈسٹری کو دی ہیں۔