لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت، نارتھ کراچی، لانڈھی قائد آباد کے مکینوں کا احتجاج، شدید ٹریفک جام

May 22, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد آباد لانڈھی اور نارتھ کراچی میں لوڈشیڈنگ وپانی کی قلت کیخلاف احتجاج، مظاہرین میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ،ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد مرغی خانپ اسٹاپ کے قریب ملیر جانے والے راستے پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ شروع کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر شکایات کرائی جارہی ہیں لیکن ہماری کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے، مظاہرے کے باعث ملیر سے قائد آباد آنے اور جانے والے راستے پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور مذکورہ سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جس کے باعث نیشنل ہائی وے اور شاہراہ فیصل پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ۔ نارتھ کراچی سیکٹر 11 اے اور 11 بی میں پانی عدم فراہمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے بارہ دری اسٹاپ پر احتجاج کیا اور کے الیکٹرک انتظامیہ اور واٹر بورڈ کے خلاف نعرے لگائے ،مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں تھے،مشتعل مظاہرین ٹائر جلا کر سڑک کو تمام ٹریفک کے لئے بند کردیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے ہی نارتھ کراچی سیکٹر 11 اے میں سو فیصد بجلی کے بل کے بل کی وصولی پر مکمل طور پر لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قراد دیا لیکن اس کے باوجود ایک بار پھر طویل لوڈشیڈنگ شروع کر رکھی اور غیر قانونی اضافی بلنگ کے ذریعے لوٹ مار بھی جاری رکھے ہوئے ہیں ، واٹر بورڈ نے بھی علاقہ مکینوں کو بوند بوند کے لئے ترسادیا ہے 15 روز سے پا نی کی سپلائی بند کر رکھی اور شہریوں کو واٹر ٹینکر مافیا کے حوالے کیا ہوا اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واٹر ٹینکر مافیا من مانی قیمت میں پانی بیچ رہی ہے ۔