ملیر، فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، اگلے ماہ شادی تھی

May 22, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ملیر میں نامعلوم ملزمان نے نوجوان کو سات گولیاں مار کر قتل کر دیا،مقتول کی اگلے ماہ شادی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی حدود نیشنل ہائی وے نزد ریلوے ہائوسنگ سوسائٹی میں جمعہ اور ہفتہ کی شب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ اسامہ حسین ولد شہزاد حسین جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق مقتول کو سات گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔مقتول کی 3 جون کو لاہور میں شادی تھی اور لواحقین کے مطابق مقتول شادی کی تیاری میں مصروف تھا اور واقعہ سے قبل شاپنگ کر کے گھر آیا تھا،مقتول اسامہ چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق اب تک کی تفتیش میں دو باتیں سامنے آئی ہیں جسکے مطابق مقتول کو کسی لڑکے نے فون کر کے گھر سے بلایا اور پھر اسے قتل کر دیا،مقتول پراپرٹی کا کام کرتا تھا اور مذکورہ لڑکے کو اس نے کچھ عرصہ قبل ایک فلیٹ فروخت کیا تھا جبکہ دوسری بات اسکی شادی کے حوالے سے سامنے آئی ہے جس میں ایک لڑکے سے اسکا کوئی مسئلہ تھا۔انہوں نے بتایا کہ مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے،پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔مقتول کی لاش گھر پہنچی تو ہر سو کہرام مچ گیا،اس موقع پر اہل محلہ کی بھی بڑی تعداد جمع ہو گئی،اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔