جماعت اسلامی کے تحت حقوق کراچی تحریک کیلئے تیاریوں کا آغاز

May 22, 2022

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )عوام کے گمبھیر مسائل کے حل اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے قانونی حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کے تحت جاری ”حقوق کراچی تحریک“کے سلسلے میں اتوار 29 مئی کوشام 5بجے مزار قائد سے شروع ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”حقوق کراچی کارواں“کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے،کارواں کو بھرپور اور کامیاب بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں ہیں،کراچی کارواں کے لیے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم کا بھی فوری طور پر آغاز کردیا گیا ہے،مہم کے دوران امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن تمام اضلاع میں عوام،موثر طبقات،بازاروں کا دورہ و دکانداروں اور تاجروں سے ملاقاتیں،اہم پبلک مقامات پر کارنر میٹنگزاور استقبالیوں سے خطاب کریں گے۔دریں اثنا امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ 29مئی تک اگر لوڈشیڈنگ ختم اور پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے،انہوں نے کارکنوں اور ذمہ داروں کو ہدایات دی ہیں کہ گھر گھر رابطہ کریں،حقوق کراچی تحریک اور اس کے مطالبات کو بھر پور طریقے سے اجاگر کریں تاکہ کراچی کے سلگتے مسائل سے حکمرانوں کی توجہ نہ ہٹے، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کو ہمیشہ نظر اندا ز کیا گیا ہے۔