ملٹی سٹوری کمرشل بلڈنگ کے نقشہ جات کا پراسس آسان کردیا گیا

May 22, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا ہے کہ ملتان کے شہریوں کو ملٹی سٹوری کمرشل بلڈنگ کے نقشہ جات بنوانے اور پاس کرنے کیلئے ایم ڈی اے میں طریقہ کار کو آسان اور مختصر کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے ایم ڈی اے میں آرکیٹیکٹ کی رجسٹریشن کی شرط کو ختم کر رہے ہیں۔ تاکہ کوئی بھی شہری اپنی بلڈنگ کا نقشہ کسی بھی ایسے آرکیٹکٹ سے بنوا سکے جو پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹ اینڈ ٹاؤن پلینرز سے رجسٹرڈ شدہ ہو۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے مزید کہا کہ یہ ایم ڈی اے کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر شہریوں کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے کے اس اقدام سے جہاں شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا وہاں ایم ڈی اے میں رجسٹرڈ شدہ چندآرکیٹکٹ کی اجارہ داری بھی ختم ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل نے ایم ڈی اے میں ہونے والے آرکیٹیکٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مختلف لوگوں نے رجسٹر شدہ آرکیٹیکٹ کی مہریں اور جعلی دستخط کا طریقہ کار اپنایا ہوا ہے۔ جس سے شہریوں کو نقشہ پاس کرانے میں ایم ڈی اے کی طرف سے اعتراضات لگانے پر دشوراری کا سامان ہوتا ہے۔ ایم ڈی اے میں رجسٹریشن کی شرط ختم کرنے سے فراڈ کی یہ صورتحال ختم ہو جائے گی۔ شہری اپنی مرضی سے کسی بھی آرکیٹکٹ سے بائی لاز کے مطابق نقشہ بنوا سکتے ہیں۔