یاسین ملک کو جیل میں زہر دیا گیا، مشال ملک

May 22, 2022

فائل فوٹو

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہیاسین ملک کو جیل میں زہر دیا گیا، سیکریٹری جنرل یو این کو فوری خط لکھا جائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےحریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ وقت کم ہے، 25 تاریخ کو یاسین ملک کو سزا سنائی جانی ہے، یاسین ملک کو فلموں کے ذریعے ولن یا سب سے بڑا ظالم دکھایا جارہا ہے۔

مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک نے عدالت میں کہا کہ کشمیروں کی تحریک کی سربراہی کر رہا ہوں، یاسین ملک کے وکیل راجہ طفیل کو اچانک برین ہیمریج ہوگیا اور کل جنیوا انسانی حقوق کانفرنس میں اپیل جمع کرانے کا آخری دن ہے۔

اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان یاسین ملک کے عدالتی استحصال پر درخواست دائر کرے، دنیا کا کوئی قانون ایک خاندان کو علیحدہ نہیں کرسکتا۔

یاسین ملک کی اہلیہ نے یہ بھی کہا کہ شادی کو 13 سال ہوگئے، آج تک خاندان کو ایک ساتھ رہنے نہیں دیا گیا، قیدیوں کو حاصل حقوق بھی یاسین ملک کو نہیں مل رہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی رحلت پر ان کے خاندان کے ساتھ بے رحمی کا مظاہرہ کیا گیا۔

اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح کلبھوشن کو قونصلر رسائی دی گئی، مجھے بھی حق دیا جائے۔

مشال خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حریت لیڈر شپ کو دانستہ طور پر ختم کیا جارہا ہے، دنیا شاید چاہتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نیوکلیئر جنگ چھڑے۔

اُنہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو وکلاء کی سہولت نہیں دی جا رہی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری یاسین ملک کا کیس لڑنے میں مدد فراہم کریں۔

مشال ملک نے یہ بھی کہا کہ یاسین ملک کا عدالتی قتل کیا جارہا ہے، دنیا یاسین ملک کی رہائی میں مدد کرے، یاسین ملک کا کیس وزیر خارجہ بین الاقوامی عدالت میں لے جائیں۔

دوسری جانب فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یاسین ملک پر بھارتی حکومت بہت ظلم کررہی ہے، یاسین ملک کے ایشوز تمام سیاسی جماعتیں ایک ہوں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ بھارتی عدالتیں یاسین ملک سے متعلق یکطرفہ فیصلہ سنانے جارہی ہیں۔