میری جگہ کوئی اور محب وطن ہوتا تو یہی کرتا جو میں نے کیا‘ قاسم سوری

May 23, 2022

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام حلقہ پی پی14برف خانہ چوک ڈھوک سیداں راولپنڈی میں بڑے ورکرز کنونشن و جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے اب واشنگٹن کی بجائے اسلام آباد میں ہونگے، سازش سے بننے والی امپورٹیڈ حکومت کسی صورت تسلیم نہیں، دھمکی آمیز مراسلہ میں نے خود پڑھا جس میں ملک کے اندر مداخلت کی دھمکی دی گئی۔ ہم کسی کے غلام نہیں‘ میری جگہ اگر کوئی اور بھی محب وطن پاکستانی ہوتا تو وہ یہی کرتا جو میں نے کیا۔ قبل ازیں سابق ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری، سابق وفاقی وزراء علی محمد خان، عامر محمود کیانی جلسہ گاہ پہنچے تو سابق صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، محمد ناصر راجہ، عمر تنویر، چوہدری عدنان، واثق قیوم عباسی، شاہد اقبال راجہ، معین سلطان، بہروز کمال سمیت دیگر نے اُن کا استقبال کیا۔ اس موقع پر قائدین پر پھولوں کی پتیاں پھینکی گئیں۔ اپنے خطاب میں سابق وزیر علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کسی صورت ڈکٹیشن نہیں لے گا۔ نام نہاد اسلام کے ٹھیکیدار امریکہ کے پائوں پڑتے ہیں اور اسلام آباد تک رسائی مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مراسلہ شہباز شریف کیخلاف آتا تو ہم ان کیساتھ کھڑے ہوتے۔ سابق وفاقی وزیر عامر کیانی نے کہا کہ عمران خان کو صرف اللہ کی ذات پر بھروسہ ہے‘ آزادی مارچ میں اپنی فیملی کے ساتھ شرکت کرونگا۔ سابق صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے پارٹی قیادت کے اعتماد اور عوام کی جلسہ میں بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ جلسہ سے واثق قیوم اور عمر تنویر نے بھی خطاب کیا۔