سولر پینلوں کی درآمد بند،قیمتوں میں اچانک اضافہ ، مصنوعی قلت

May 23, 2022

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے سیلز ٹیکس میں کمی کرنے کے اعلان کے بعدسولر پینلوں کی قلت پیدا ہوگئی۔ ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم نے تاجروں اور صنعتکاروں کے مطالبے پرسولر پینلوں پر 17فیصد سیلز ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا۔شدید گرمی، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بازار میں پہلے ہی مال کی قلت تھی مزید سیلز ٹیکس میں چھوٹ کا اعلان کردیا گیا جس کے بعد سرمایہ کاروں نے چین سے سولر پینلوں کی درآمد بند کردی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ جب تک قیمتوں میں استحکام پیدا نہیں ہو گا مال درآمد نہیں کریں گے، اس اقدام کی وجہ سے ہال روڈ سمیت دیگر مارکیٹوں میں سولر پینلوں کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی ہے اور قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، سرمایہ کار ممکنہ نقصان سے بچنا چاہتے ہیں جس کے لئے مصنوعی قلت پیدا کردی گئی ہے اور سولر پینلوں کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔ موجودہ حالات میں غریب صارفین کے لئے سولر پینلوں کی خریداری مشکل ہوگئی ہے۔