فوڈاتھارٹی کی خضدار میں کارروائی، ناقص دودھ کی فروخت پر 10دکانوں کو جرمانہ

May 23, 2022

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی زونل ٹیم نے خضدار میں ناقص و ملاوٹی دودھ کی فروخت پر کارروائی کرتے ہوئے 10 ملک شاپس پر جرمانے عائد کر دئیے۔ بعدازاں ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے بلوچستان ریزیڈنشل کالج خضدار ، بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور لیویز ٹریننگ سینٹر خضدار کی کینٹین کا معائنہ کیا ، جہاں معمولی نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے منتظمین کو ترجیحی بنیادوں پر اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ بی ایف اے حکام نے زونل ڈائریکٹر سجاد علی کی سربراہی میں مذکورہ کینٹینز میں اشیاء خوردونوش کے معیار و صفائی کے انتظامات چیک کئے ۔ علاوہ ازیں بی ایف اے زونل ٹیم نے ڈپٹی کمشنر خضدار الیاس کبزئی سے ملاقات کی ، ڈپٹی کمشنر نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی موبائل لیبارٹری کا معائنہ کیا اور موبائل لیب کے ذریعے دودھ سمیت مختلف اشیاء کی موقع پر ٹیسٹنگ کے طریقہ کار بارے معلومات حاصل کیں ۔قبل ازیں زونل ٹیم نے خضدار کے مختلف علاقوں میں فروخت و سپلائی کئے جانے والے دودھ کے معیار کی جانچ کے لئے ملک شاپس کا معائنہ کیا ، بی ایف اے کی موبائل ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے دکانوں سے حاصل کردہ دودھ کے نمونوں کو موقع پر چیک کیا گیا ، ٹیسٹ کردہ 28 سیمپلز میں سے 10 دکانوں کا دودھ ملاوٹی ثابت ہوا جس پر مذکورہ ملک شاپس کے خلاف کارروائی کی گئی۔