عمران خان کے ملتان جلسے سے انوکھا پوسٹر وائرل

May 23, 2022

کولاج، بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ملتان میں ہونے والے جلسے سے ایک پوسٹر وائرل ہورہا ہے جس میں ایک انوکھا جملہ تحریر ہے۔

گزشتہ دنوں سابق وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب کے گرم ترین شہر ملتان میں جلسہ کیا گیا۔

اس دوران جہاں جلسے کے شرکاءکو عمران خان کے حق میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے دیکھا گیا وہیں ایک پلے کارڈ نے سوشل میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔

وائرل ٹوئٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون نے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک پلے کارڈ پکڑا ہوا ہے جس پر درج تھا کہ ’عمران خان کی محبت میں ملتان کا گرم موسم بھی ڈھائی ٹن کا اے سی لگتا ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں 25 مئی کو اسلام آباد میں ملوں گا، ہم سری نگر ہائی وے پر دوپہر تین بجے ملیں گے، اپنی جان کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ہم کسی صورت ان کو قبول نہیں کریں گے، جتنی دیر اسلام آباد میں رہنا پڑا رہیں گے، ایکس سروس مین کو بھی اسلام آباد آنے کی دعوت دے رہا ہوں۔