لانگ مارچ کی اجازت کیلئے PTI کی درخواست تیار

May 23, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی اجازت کے لیے درخواست تیار کرلی۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا کہ سری نگر ہائی وے پر جلسے، دھرنے کے لیے ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان جگہ دی جائے۔

ذرائع ڈی سی آفس کے مطابق ابھی تک پی ٹی آئی کی جلسے یا دھرنے کی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔

ڈی سی آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد اجازت دینے اور جگہ کا تعین کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تیسری کوئی بات ہمیں قبول نہیں پھر اگر قوم ان چوروں کو لانا چاہتی ہے تو بے شک لے آئے مگر کوئی بیرونی ملک ان کو ہم پر مسلط نہ کرے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ لوگ بار بار کہتے ہیں کہ جان کو خطرہ ہے، کوئی جان کو خطرہ نہیں ہے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، یہ اللّٰہ کا کام ہے، یہ اس کا حکم ہے، پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ ہے، اس کے لیے آخری حد تک جانے کو تیار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جتنی دیر بھی اسلام آباد میں رہنا پڑا رہیں گے، جان کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہیں، فوج کو بھی کہتا ہوں کہ آپ نے کہا ہے نیوٹرل ہیں تو نیوٹرل رہیں۔