پاکستان میں نئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، امریکی سفارتخانہ

May 23, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان میں امریکا کے نئے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے آج امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سفیر بلوم پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی جانب سے پاکستان اور امریکہ کے لوگوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جاری کوششوں کی قیادت اور پاکستان کے مستحکم، محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے حکومتِ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے سفیر بلَوم امریکی مشن پاکستان میں اپنے ساتھ بیش بہا تجربہ اور مہارت لے کر آئے ہیں۔

پاکستان پہنچ کر خوشی محسوس کررہا ہوں

اپنی آمد کے موقع پر سفیر بلَوم نے کہا کہ وہ پاکستان پہنچ کر خوشی محسوس کررہے ہیں اور وہ اس خوبصورت مُلک کو جاننے اور یہاں کے لوگوں اور ثقافت سے واقفیت حاصل کرنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر کام جاری رکھیں گے۔