لانگ مارچ، صوبوں سے 100 قیدی وین نفری اسلام آباد طلب

May 24, 2022

کراچی (جنگ نیوز، ٹی وی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ اور دھرنےکے مظاہرین سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ نے دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کرلی۔ ذرائع کے مطابق مظاہرین سے نمٹنےاور دھرنےکے شرکا کی سکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر 22ہزار اہلکار تعینات کیے جائینگے، پنجاب پولیس کے8 ہزار اہلکار وں سمیت 2 ہزار بلوہ فورس طلب کی گئی ہے، 500خواتین اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گی۔ اسلام آباد انتظامیہ نے ایف سی کے 5 ہزار افسران و اہلکاروں کو بھی طلب کرلیا ہے، رینجرز کی 2ہزار نفری بھی طلب کی گئی ہے، سندھ سے پولیس کی 2 ہزار نفری بھی مانگی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے مختلف صوبوں سے 100 قیدی وینز بھی منگوائی ہیں، آنسو گیس کے 15 ہزار شیل بھی منگوائے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ تمام صوبوں کی نفری مکمل کمانڈ سسٹم سمیت طلب کی گئی ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے پولیس حکام کی مشاورت سے تجاویز وزارت داخلہ کو بھجوادی ہیں۔