منگلا ہائیڈل پاور اسٹیشن، 2 یونٹوں کی اپ گریڈیشن مکمل، بجلی پیداوار شروع

May 24, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) یو ایس ایڈکی گرانٹ سے منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈ یشن پر اجیکٹ کے تحت یونٹ نمبر5اور 6کی اپ گریڈیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور ان دویونٹوں سے بجلی کی پیداوار شروع ہو چکی ہے، اپ گریڈیشن سے پہلے اِن میں سے ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 100 میگاواٹ تھی، جوبڑھ کر 135 میگاواٹ فی یونٹ ہو گئی ہے یعنی دونوں یونٹس سے بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 200 سے بڑھ کر 270 میگاواٹ ہوگئی ہے، اِس موقع پر یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹرجولی کونین نے وفد کے ہمراہ منگلا ہائیڈرو پاور سٹیشن کا دورہ کیا اور اپ گریڈکئے گئے یونٹوں سے بجلی کے پیداواری عمل کا مشاہدہ کیا اور ایک یاد گار ی تختی کی نقاب کشائی بھی کی، ممبر(پاور) واپڈا جمیل اختر، منگلا ڈیم کے جنرل منیجر، منگلا ریفربشمنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ بحالی منصوبہ منگلا ڈیم کی تعمیر میں ہماری طویل شراکت داری پر استوار ہے،ہمارے لئے یہ با ت فخر کا باعث ہے کہ ہم منگلا ڈیم سے سستی بجلی اور زراعت کے لئے پانی سمیت دیگر فوائد حاصل کرنے کیلئے واپڈا کے اقدامات میں اِن کے شراکت دار ہیں، قبل ازیں ممبر(پاور) واپڈا نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں یوایس ایڈ کی جانب سے پاکستان کے پاور سیکٹر خصوصاً منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں بھر پور تعاون پر اِن کا شکریہ ادا کیا۔