اورنگی، زنجیروں سے بندھی بچی بازیاب، ماں اور سوتیلا باپ گرفتار

May 24, 2022

کراچی(آئی این پی) اورنگی ٹاون پولیس نے گھرمیں تشدد کا نشانہ بنائی جانے والی8 سالہ بچی کو بازیاب کرکے بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سوتیلے باپ اوراس کی سگی ماں کوگرفتارکرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار سوتیلے باپ نے بازیاب کرائی گئی بچی کو گھر میں زنجیر سے باندھ کر رکھا ہوا تھا اوراسے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا، سوتیلا باپ بچی کے بارے میں اہل محلہ کو کہتا تھا کہ بچی کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے بھاگ جاتی ہے، پولیس کے مطابق بازیاب کرائی جانے والی بچی ذہنی طور پر مکمل صحت مند ہے اور وومن پولیس اسٹیشن منتقل کردی گئی ہے۔ پولیس نے اورنگی ٹاون سیکٹر8بی داتا نگرمیں واقع مکان558میں کارروائی کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنائی جانے والی 8سالہ بچی کو بازیاب کرا لیا جبکہ کارروائی میں سوتیلے باپ جاوید اور سگی ماں نازیہ کو گرفتار کرلیا۔بچی پرتشدد کی آوازیں محلے داروں نے سنی تھیں اور واقعے کی اطلاع پولیس کودی جس پر پولیس نے کارروائی کی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم جاوید کے اپنے بھی چار بچے ہیں لیکن وہ انہیں کچھ نہیں کہتا تھا صرف سوتیلا ہونے کی وجہ سے اسی بچی کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا ، گرفتار ملزم پیشے کے لحاظ سے مزدور ہے۔بعدازاں پولیس نے گرفتارسوتیلے باپ اور سگی ماں کے خلاف اہل محلہ کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 2022/259 بجرم دفعہ 328اے اور342 کے تحت درج کرلیا۔