عمر سرفراز چیمہ کوگورنر پنجاب عہدے سے ہٹانے کیخلاف کیس، لارجر بینچ تشکیل

May 24, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر سرفراز چیمہ کوگورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کے خلاف کیس کی سماعت کیلئے تین رکنی لارجر بنچ تشکیل دیدیاہے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل لارجر بنچ آج بروز منگل سماعت کرے گا۔قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر دفتری اعتراضات ختم کر کے 24 مئی کو کیس لارجر بنچ میں مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔ واضح رہے کہ عمر سرفراز چیمہ نے عہدے سے برطرفی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانا غیر قانونی ہے، آئین کے مطابق گورنر صوبے میں وفاق کا نمائندہ ہے، گورنر پنجاب ایگزیکٹو کا حصہ نہیں ہوتا، صدر کی خوشنودی پر گورنر عہدے پر قائم رہ سکتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق بھی صدر کے اختیارات کو رولز کے تحت ختم نہیں کیا جا سکتا، گورنر کو ہٹانا صدر کا اختیار ہے جو کوئی اور استعمال نہیں کر سکتا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب میں آئینی بحران پیدا کردیا گیا ہے۔ پنجاب میں ایک شخص جو اختیارات استعمال کررہا ہے وہ غیرقانونی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گورنر پنجاب کی برطرفی کا نوٹیفکیشن بلا اختیار اور ماورائے آئین ہے لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے، کابینہ ڈویژن کا نوٹیفکیشن جاری کرانے والے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے