مقدمہ غیر قانونی، بھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوفزدہ، وزیراعظم

May 24, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز حریت رہنما محمد یاسین ملک کو دہشتگردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل ماورائے قانون وانصاف اور انتقام پر مبنی بھارتی اقدام کا نوٹس لے ،مقدمہ غیر قانونی،بھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوفزدہ ہے، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل انتقام پر مبنی بھارتی اقدام کا نوٹس لے،پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بے مثال بہادری و حریت کی علامت اور ضمیر کے قیدی یاسین ملک کے خلاف بھارتی ہتھکنڈہ مسترد کرتے ہیں ، یہ کشمیریوں کو جھکانے کی ناکام کوشش ہے ،حکومت پاکستان عالمی وانسانی حقوق کے تمام اداروں اور اوآئی سی کے فورم پر یاسین ملک اورکشمیری قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کوپوری قوت سے اٹھائے گی ، 5 اگست 2019کے ناجائز اور غیرقانونی اقدامات کی طرح یاسین ملک کے خلاف مقدمہ بھی غیرقانونی اور ناجائز ہے ۔سید علی گیلانی شہید کے جسد خاکی سے ڈرنے والا بھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوفزدہ ہے ، بہادر کشمیریوں کو انکی بے مثال جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں،پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھےگا۔ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو مقبوضہ جموں کشمیر میں سیاسی قیدیوں کے ساتھ بھارتی حکومت کے ناروا سلوک کانوٹس لینا چاہیے، یاسین ملک کو دہشت گردی کے جھوٹے الزامات میں سزا بھارت کی طر ف سے انسانی حقوق کی کھلم کھلا پامالیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والوں کی آواز خاموش کرنے کی ناکام کوشش ہے،مودی حکومت سے جواب دہی ہونی چاہیے۔