گورنر سندھ کی تقرری پر بھی صدر اور وزیراعظم کے درمیان تنازع

May 24, 2022

کراچی(این این آئی)پنجاب کے بعد سندھ میں بھی نئے گورنر کی تقرری پر بھی صدر مملکت اور وزیر اعظم کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا ہے۔صدر مملکت نے وزیراعظم کی جانب سے گورنر سندھ کے عہدے پر متحدہ قومی موومنٹ کی سینئر رہنما نسرین جلیل کی تقرری کے لیے بھیجی گئی، سمری پر عمل درآمد عارضی طور پر روک دیا ہے جبکہ اس معاملے پر ایوان صدر نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور اس وجہ سے سندھ میں نئے گورنر کی تقرری التوا کا شکار ہے۔ وفاقی کابینہ کے ایک وزیر نے نام ظاہر نہ کی شرط پر بتایا کہ مختلف جماعتوں کی وفاقی حکومت کی تشکیل سے قبل مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان میں سیاسی مذاکرات میں طے ہوا تھا کہ سندھ میں گورنر کا عہدہ متحدہ قومی موومنٹ کو دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی تشکیل کے بعد ایم کیوایم پاکستان نے مشاورت کرکے پارٹی کی سینئر رہنما نسرین جلیل کا نام گورنر سندھ کے لیے وزیراعظم کو بھیجا۔ وزیراعظم نے آئینی طور پر سمری مرتب کرکے ایوان صدر کو بھیجی۔ یہ سمری مئی کے دوسرے ہفتہ کے اوائل میں گئی۔