ناصر حسین شاہ کا پنجاب میں شہید کانسٹیبل کے بچوں کی کفالت کرنے کا اعلان

May 24, 2022

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے پنجاب میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل کمال احمد کے بچوں کی کفالت کرنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ناصر حسین شاہ نے ایک پیغام جاری کیا۔

اپنے اس ٹوئٹ میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کل رات شہید ہونے والے کانسٹیبل کمال کے تمام بچوں کی اگلے 10 سال تک کفالت کی ذمہ داری لیتا ہوں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کمال ڈاکو نہیں تھا بلکہ اقتدار پر ڈاکہ مارنے والے ڈاکوؤں کی راہ میں رکاوٹ تھا۔

ناصر حسین شان نے یہ بھی کہا کہ فرض کی تکمیل کی خاطر کھڑے ہونے والے ہر سپاہی ہر جوان پر سلام۔

خیال رہے کہ کمال احمد کی شہادت کے بعد ان کی بیوہ رابعہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے بچے یتیم ہوگئے، ہمارا کوئی کفالت والا نہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میر ے شوہر کو مارنے والے کو بھی ویسی ہی سزا دی جائے۔

واضح رہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پولیس کے چھاپے کے دوران فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل احمد کمال شہید ہوگئے تھے۔

اس واقعے کے بعد گھر کے مالک اور اُس کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ساجد حسین کے کہنے پر اس کے بیٹے نے پولیس پر فائرنگ کی، شہید کانسٹیبل کمال احمد 8 ماہ کے بیٹے سمیت 5 بچوں کا باپ تھا۔