ایئرپورٹس پر مسافروں کا احتجاج، ایف بی آر کے ایس آر او میں تبدیلی کا امکان

May 24, 2022

فوٹو: فائل

ایئرپورٹس پر مسافروں کے شدید احتجاج کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او میں تبدیلی کا امکان ہے۔ یہ ایس آر او مسافروں کے لیے خوف کی علامت بن گیا ہے۔

اس ایس ار او کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر ذاتی اور عام استعمال کی اشیاء اور تحائف لانے تک پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت ملک بھر کے ایئرپورٹس بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے خوف کی علامت بن گئے ہیں، کیوں کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کے سامان کی انتہائی سخت تلاشی لی جارہی ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق مسافروں سے اشیاء خورونوش، پھل، سینیٹری کا سامان، استعمال شدہ موبائل فون اور برانڈڈ جوتے ضبط کیے گئے ہیں۔

ادھر مسافروں کا کہنا ہے کسٹمز حکام کو ذاتی استعمال کی اشیاء اور تجارتی مقصد کے لیے لائے گئے سامان میں فرق کرنا چاہیے۔ بیرون ملک سے آتے ہوئے مسافر کچھ نا کچھ تحائف ضرور لاتے ہیں، کسٹم حکام بسکٹس، چاکلیٹ، پرفیوم، موبائل فون اور شوز جیسے عام استعمال کی چیزیں تک ضبط کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مختصر مدت کے لیے آنے والے خاندان بچوں کا دودھ، دلیہ اور ڈائپر جیسا ذاتی استعمال کا سامان بھی ساتھ لاتے ہیں لیکن کسٹمز کی حالیہ کارروائیوں کی وجہ سے عام مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

دوسری جانب کسٹمز نے منگل کو ایئرپورٹس پر سامان ضبط کرنے سے متعلق اپنی کاررکردگی کی پریس ریلیز جاری کی جسے کچھ دیر بعد واپس لے لیا گیا۔

رابطہ کرنے پر کسٹمز حکام کا کہنا ہے اس بات کا امکان ہے کہ مسافروں کے بیرون ملک سے سامان لانے پر پابندی سے متعلق ایس آر او تبدیل ہوجائے اس لیے پریس ریلیز واپس لے لی گئی ہے۔