عمران خان کا آج ڈی چوک پہنچنے کا اعلان

May 25, 2022


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے پنجاب کے مختلف شہروں میں سڑکوں پر کنٹینر کھڑے کردیے گئے، جبکہ ٹرک کھڑے کرکے راستے بند کردیے گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مختلف شہروں میں رات کے وقت بھی کنٹینرز لگائے جارہے ہیں۔

موٹر وے پر لاہور اور اسلام آباد جانے والی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا اور انٹرچینجز پر کنٹینر لگا کر پولیس تعینات کی گئی ہے۔

عمران خان کے مارچ کو روکنے کیلئے فیض آباد انٹرچینج کو سیل کردیا گیا ہے، راول پنڈی اور اسلام آباد کے تمام بس اڈے بھی سیل کرکے ٹرانسپورٹرز کو گاڑیاں سڑکوں پر نہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راول پنڈی میں میٹرو سروس بند ہے جبکہ پنجاب کے 350 مقامات پر فون سروس آج بند رہے گی۔

پنجاب، سندھ، اسلام آباد میں 5 سے زائد افراد کا اجتماع ممنوع ہے، پشاور میں بھی پولیس اہلکار سڑکوں پر ٹرک کھڑے کرکے چیکنگ کرتے رہے۔

پنجاب پٹرولیم ایسوسی ایشن نے آج تیل کی سپلائی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔