شہری 4 گاڑیوں ،2 رکشوں،22 موٹر سائیکلوں سے محروم چوری کی متعدد وارداتیں

May 26, 2022

راولپنڈی ، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 2گاڑیوں، 2رکشوں 15موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،نقدی اوردیگراشیاء جبکہ اسلام آباد میں چالیس وارداتوں میں شہری 2 کاروں ،سات موٹر سائیکلوں ،ایک سائیکل، لاکھوں روپے کی ملکی وغیر ملکی کرنسی، طلائی زیورات، موبائل فون اوردیگر قیمتی اشیاسے محروم ہو گئے۔ تھانہ سول لائن کے علاقہ ٹاہلی موہری چوک میں مزدوری کے لئے بیٹھے مزدورنجیب الرحمٰن کوایک موٹر سائیکل سوار مزدوری کروانے کے لئے 12سو روپے دیہاڑی پربک کرکے ایک گلی میں لے گیا جہاں دو آدمی موجود تھے جنہوں نے اسے مارنا شروع کر دیا اور اس سے موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔ تھانہ روات کے علاقہ فیز7میں محمد یامین کے گھریلوملازمین امجد خان اور آمنہ گھرسے 3 لاکھ روپے، طلائی زیورات سوا 3 تولے چوری کرکے لے گئے ۔تھانہ روات ڈی ایچ اے سیکورٹی کے راجہ رازق حسین نے بتایا کہ 2موٹرسائیکلوں پر سوار 3 افراد سریا چوری کر کے لے جار ہے تھے جن کاموٹرسائیکل پر پیچھا کرکے ایک زیر تعمیر گھر کے سامنے ان کو روک لیا۔ ملزمان گن پوائنٹ پر مجھ سے ڈی ایچ اے کا سرکاری موٹرسائیکل مع وائرلیس سیٹ چھین کرلے گئے۔تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ کمرشل مارکیٹ میں ملک رضا کے کال سنٹر کا لاک توڑ کر رضوان 15کمپیوٹر زاور کیمرہ سکرین مالیتی50 ہزار روپے چوری کرکے لے گیا۔تھانہ بھارہ کہو کے علاقہ سیری چوک سے راجہ محمد نعیم کے ہاں سے سونا ،نقدی اور موبائل ،تھانہ کھنہ کے علاقہ سوہان سے محمد جنید سے نقدی ،تھانہ کورال کے علاقہ شریف آباد سے ماہ نور عباس سے نقدی ،تھانہ کورال کی حدود غوری ٹاون سے بادر شاہنواز عباسی کے ہاں سے نقدی ،تھانہ کورال کی حدود ہمدانی ٹاون سے زوبیر خان سے موبائل اور نقدی اڑا لی گئی۔ لوٹنے اور چوری کے دیگر واقعات تھانہ گنج منڈی ، نیوٹاؤن ، صادق آباد، سول لائن ، نصیرآباد ، ریس کورس ، سٹی ، سول لائن ، ائرپورٹ، صدر واہ ، شہزاد ٹاؤن ، کھنہ ، سہالہ ، کورال، آئی نائن ، رمنا ، کراچی کمپنی ،تھانہ آبپارہ کی حدود میں ہوئے۔