ڈی ہائڈریشن دور کرنے والی واٹر ریسیپیز

May 26, 2022

گرمی کی شدید لہر سے ہر کوئی پریشان ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا جاتا ہے اور اس حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جاتی ہیں۔ گرمی کی شدت کی وجہ سے ہمیں اپنے اندر توانائی کی کمی محسوس ہوتی ہے، تاہم اگر آپ اپنے اندر توانائی کی کمی محسوس کریں تو اس کی ایک وجہ ڈی ہائڈریشن بھی ہوسکتی ہے۔ یہ بہت اہم ہے کہ دن بھر میں باقاعدگی سے وقفےکے ساتھ آپ کو پانی یا دیگر مشروبات پینے چاہئیںتاکہ توانائی کی سطح بحال رہے۔

ماہرین انسانی جسم کی ضروریات کے تحت ایک دن میں6سے 8 گلاس پانی پینا تجویز کرتے ہیں، تاہم مختلف وجوہات کی بناء پر ہرکسی کے لیے دن بھر میں اس مقدار کو پورا کرنا ممکن نہیںہوتا۔ عام پانی کو اگر مزیدار واٹر ریسیپیز میںبدل دیا جائے تو یہ پینے میں مزیدار ہونے کے ساتھ نہ صرف صحت کے لیے مزید فائدے مند ہو جائے گا بلکہ اس میں کیلوریز بھی کم ہوں گی۔ اپنے ہائڈریشن کے عمل کو مزیدار بنانے کے لیے آپ دن بھر میں مختلف ریسیپیز انجوائے کرسکتے ہیں۔

لیموں، تلسی اور ادرک

تلسی کی اینٹی بیکٹیریل، اینٹی مائیکرو بیل اور اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات اسے ایک پاور فل جڑی بوٹی بناتی ہیں، جو آپ کی تمام تر صحت، جِلد اور بالوں کے لیے مفید ہوتی ہے۔ ادرک میں مختلف قسم کی دھاتیںمثلاً کیلشیم، فاسفورس، آئرن، میگنیشیم، کاپر اور زنک موجود ہوتا ہے جبکہ لیموںوٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن اے، کاپر، کرومیم، پوٹاشیم، آئرن اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔ ان اجزاء سے واٹر ریسیپی بنانے کا طریقہ درج ذیل ہے:

٭ دولیموںکاٹ کر ایک طرف رکھ دیں۔

٭ تلسی کے پتوں کو اچھی طرح دھوکر کُوٹ (کچل) لیںتاکہ اس کا ذائقہ حاصل ہوسکے۔

٭ ایک درمیانے سائز کا ادرک پیس کر اسے ایک جگ میں برف کےساتھ رکھ دیں۔

٭ جگ میں لیموں اورتلسی کے پتے ڈال کر اس میں پانی بھرلیں ۔

٭ پینے سے قبل اسے ایک سے دو گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں تو اس کا قدرتی ذائقہ اور تازگی محسوس ہوگی۔

سیب، ادرک اور دا ر چینی

دارچینی اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے اورآپ کے بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھنے میںمدد دیتی ہے۔ دوسری طرف سیب فلیوونائڈز اور قابل ہضم فائبر کے حصول کا عمدہ ذریعہ ہے۔ ان اجزاء سے واٹر ریسیپی بنانے کا طریقہ یہ ہے:

٭ سیب کی باریک قاشیں بنالیں اور انہیں ایک جگ میں آئس کیوبز کے ساتھ رکھ دیں۔

٭ ادرک کے ٹکڑے آرام سے کرش کرلیں تاکہ ان کا ذائقہ شامل ہوسکے۔

٭ کٹے ہوئے ادرک کے ٹکڑوں اور ایک چٹکی دارچینی کو جگ میں ڈال کر دو سے تین منٹ تک ہلاتے رہیں۔

٭ اسے رات بھر فریج میںرکھنے کے بعد صبح نوش فرمائیں۔ آپ اپنے اندر ایک نئی توانائی اور تازگی پائیں گے۔

لیموں، اسٹرابیری اور پودینہ

پودینہ ٹھنڈک پیدا کرنے کےساتھ ساتھ نظام ِ ہضم میں بھی ساتھ نبھاتاہے جبکہ اسٹرابیری میں موجود پولیفینولک اور اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء قوتِ مدافعت بڑھانے، مختلف اقسام کے کینسر کی علامات کو روکنے اور قبل از وقت بڑھاپے کی علامات سے نجات دلانے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔ اسٹرابیری میںپوٹاشیم اور میگنیشیم بھی بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ا س کی واٹر ریسیپی بنانے کا طریقہ کچھ یوںہے۔

٭ 6اسٹرابیریز کو چار چار ٹکڑوں میں کاٹ لیں، ساتھ ہی ایک بڑے ہرے لیموں کے باریک سلائس کرلیں۔

٭ 5سے 6 تازہ پودینے کے پتے اچھی طرح صاف کرکے انہیں توڑ مروڑ لیں تاکہ ان کا ذائقہ شامل ہو سکے۔

٭ جگ میں ٹھنڈا پانی ڈالنے سے پہلے اس میںاسٹرابیریز، لیموں اور پودینے کے پتے ڈال دیں۔ برف کی ضرورت ہوتو وہ بھی شامل کی جاسکتی ہے۔

٭ نوش فرمانے سے قبل ان سب چیزوںکو آپس میں مکس ہونے کے لیے ایک گھنٹہ تک چھوڑ دیں۔

کینو، تلسی اور انگور

کینو وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ انگور کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ تلسی کے پتے جسم سے زہریلے مواد کو خارج کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔ اس واٹر ریسیپی کو نوٹ فرمالیں:

٭ دو عدد کینو کو نچوڑ کر ایک جگ میں رکھ لیں۔

٭ اس میں ایک مشت انگور ڈال دیں، بہتر ہوگا کہ ان کو بھی نچوڑ لیں تاکہ ان کا ذائقہ شامل ہوسکے۔

٭ چھ سے سات تلسی کے تازہ پتے ( پتوںکو کچل کر) برف کے ساتھ اس جگ میں ڈال دیں۔

٭ پانچ سے چھ گھنٹے فریج میں رکھنے کے بعد اسے نوش فرمالیں۔

کھیرا، لیموں اور دار چینی

کھیراپانی اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ ہاضمے کے لیے زبردست ہے۔ منرلز اور نیوٹرینٹس رکھنے کے باوجود کھیرا کم کیلوریز کا حامل ہوتا ہے۔ اس کی واٹر ریسیپی کچھ یوں بنتی ہے۔

٭ ایک کھیرے کے قتلے اور لیموں کی باریک قاشیں بنا کر ایک جگ میں ڈال دیں۔

٭ اس میں برف ڈال کر ایک چٹکی دارچینی پاؤڈ ر مکس کرلیں۔

٭ دو سے تین گھنٹے فریج میں رکھنے کےبعد اس کا ذائقہ آ پ کو تازہ دم کردے گا۔