انسائیکلو پیڈیا: دنیا میں میٹھے پانی کا سب سے بڑا ذخیرہ ...

May 29, 2022

جھیل بیکال جنوبی سائبیریا، روس میں واقع دنیا کی سب سے گہری اور میٹھے پانی کی بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے۔ 12,500 مربع میل کے رقبے پر پھیلی اس جھیل کی زیادہ سے زیادہ گہرائی 1637 میٹر (5,369 فٹ) ہے۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ جھیل 336 چھوٹے بڑے دریاؤں سے فیضیاب ہوتی ہے اور دنیا کے کل میٹھے پانی کے 20 فیصد کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے جبکہ روس کے کل میٹھے پانی کا 90 فیصد اس جھیل میں ہے۔ جنوبی سائبیریا کے منگول قبائل عرصۂ‌ دراز سے اِس جھیل کو متبرک خیال کرتے ہیں، اگرچہ کئی جھیلوں کا رقبہ اِس جھیل سے زیادہ ہے لیکن یہ دُنیا کی گہری اور میٹھے پانی کی بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، دُنیا کے میٹھے پانی کا پانچواں حصہ اِس جھیل میں پایا جاتا ہے۔اس لیے یہ جھیل بیکال کے نام سے مشہور ہے، جس کا مطلب زندگی سے لبریز جھیل‘‘ یا ’’ساگر‘‘ ہے۔

روس کے لوگوں کو اِس جھیل سے بڑا لگاؤ ہے۔ ماسکو کی ایک سائنسدان نے اِس جھیل کودلکش موسیقی سے تشبِیہ دی ہے۔ بیکال جھیل بھی بیشمار خصوصیات کی مالک ہے، اِس کی مختلف خصوصیات میں دم‌بخود کر دینے والے ساحل، غیرمعمولی طور پر صاف‌ شفاف پانی اور ایسے جاندار بھی شامل ہیں جو دُنیا میں اَور کہیں نہیں پائے جاتے۔

اگر آپ فضا سے بیکال جھیل کا نظارہ کریں تو آپ دیکھیں گے کہ اِس کا پانی نیلا اور اِس کی شکل نئے چاند کی مانند ہے۔ اِس لئے لوگ اِسے سائبیریا کی نیلی آنکھ بھی کہتے ہیں۔ اِس ایک جھیل میں شمالی امریکہ کی پانچ بڑی جھیلوں کے برابر پانی ہے۔