فائزر کا غریب ترین ممالک کو بغیر منافع ادویات فراہم کرنے کا اعلان

May 26, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

فائزر نے اعلان کیا ہے کہ وہ کم آمدنی والے 45 ممالک میں اپنی تمام ادویات اور ویکسینز بغیر کسی منافع کے فروخت کرے گا۔

ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ اجلاس میں امریکی دوا ساز کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ امریکا اور یورپ میں دستیاب اپنی تمام ادویات کم آمدنی والے ممالک کو پیداواری لاگت پر فراہم کرے گا۔

پچھلے دو سال کے دوران فائزر کمپنی پر یہ الزام لگتا رہا ہے کہ وہ کورونا وبا کی دوائیاں تیار کر کے بےتحاشہ منافع کما رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فائزر نے جرمنی کی کمپنی کے اشتراک سے کورونا کی ویکسین اور گولی تیار کی تھی، تین ماہ میں ان ادویات کی 15 ارب ڈالر کی فروخت ہوئی۔

فائزر کے سی ای اوالبرٹ بورلا نے اس موقع پر کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دیگر دوا ساز کمپنیاں بھی اس اقدام کی پیروی کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کئی دیگر کمپنیز کے اعلیٰ عہدیداران سے بات کی ہے اور وہ سب بھی اس پروگرام کا حصہ بننا چاہتے ہیں جس کے تحت غریب ممالک کو بغیر کسی نفع کے ادویات فراہم کی جائیں گی۔

اس اعلان کے بعد افغانستان، روانڈا، گھانا، ملاوی، سنیگال اور یوگینڈا سمیت دیگر ممالک کو فائزر ادویات فراہم کرے گا۔