سام سنگ 356 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے 80 ہزار ملازمتیں دینے کا اعلان

May 26, 2022

فوٹو: فائل

برقی آلات بنانے والی کمپنی سام سنگ نے 356 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے 80 ہزار نئی ملازمتیں دینے کا اعلان کر دیا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کورین کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ سنہ 2026 تک چِپ کی تیاری اور بائیو فارماسیوٹیکلز میں 356 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

اس رقم کا سب سے بڑا حصہ یعنی 285 ارب ڈالر جنوبی کوریا ہی میں انویسٹ کیا جائے گا۔

سام سنگ نے 2026 تک 80 ہزار نئی ملازمتیں دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے، یعنی سالانہ 16 ہزار ملازمتیں دی جائیں گی۔

زیادہ تر ملازمتیں جنوبی کوریا میں ہی تخلیق کی جائیں گی لیکن ان کا فائدہ دیگر ممالک کے شہریوں کو بھی ہوگا کیونکہ سام سنگ کے دفاتر برطانیہ، امریکا، کینیڈا اور فلیپائن میں بھی موجود ہیں۔

سام سنگ اپنی الیکٹرانکس مصنوعات کی وجہ سے مشہور ہے جن میں سب سے مقبول اسمارٹ فونز اور ٹیلی ویژن ہیں۔

حالیہ برسوں میں کمپنی نے اپنی مصنوعات میں سیمی کنڈکٹر کا اضافہ کیا ہے کیونکہ دنیا کے کئی ممالک میں بجلی کی کمی کا سامنا ہے، ان ممالک میں سیمی کنڈکٹرز کی مانگ بہت زیادہ ہے۔